31 اگست 2014 - 08:16
عراق، داعش نے 80 لوگوں کو قتل کر دیا

دہشت گرد تنظیم داعش نے عراق کے الكرمہ سٹی میں 80 عراقیوں کو قتل کر دیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق داعش سے لڑنے والے ایک سنی چھاپہ مار گروہ کے کمانڈر نے بتایا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے الانبار صوبے کے الكرمہ سٹی میں کم سے کم 80 لوگوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ محمود المرضي نے بتایا کہ ان لوگوں کو جمع کرکے الكرمہ کے اہم چوراہے پر داعش نے اجتماعی طور گولیوں سے بھون ڈالا۔

داعش کی جانب سے اجتماعی قتل عام کا یہ واقعہ اس کے بعد پیش آیا جب عراق کی فوج نے منگل 26 اگست کو مقامی قبائل کی مدد سے الانبار صوبے کے تین شہروں عکاشات، الزنکورہ اور النخيب کو داعش کے چنگل سے آزاد کرا لیا۔
در ایں اثنا عراق کی فوج کے ترجمان محمد عسکری نے کہا کہ ان تین شہروں کو داعش کے ہاتھوں سے آزاد کرانے میں 5 دن کا وقت لگا۔ عراق کی فوج نے بتایا ہے کہ اس کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں داعش کے دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ویسے تو عراق میں طویل عرصے سے بدامنی جاری ہے لیکن جون میں یہ تشدد اچانک اس وقت زیادہ بڑھ گیا جب داعش نامی دہشت گرد تنظیم نے عراق کے کچھ علاقوں پر کنٹرول کرکے اپنے کنٹرول والے علاقے میں خلافت اسلامی کا اعلان کر دیا۔ خلافت کا اعلان کرنے کے بعد داعش نے عراق کے شیعہ اور سنی مسلمانوں کے علاوہ وہاں کے عیسائیوں اور ایزدی برادری کو بھی اپنے مظالم کا نشانہ بنایا تھا۔ عراق کے جن علاقوں پر داعش نے کنٹرول کر لیا تھا ان میں یہ دہشت گرد گروہ نے عام لوگوں کے خلاف شدید جرائم کئے۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کی فوج، کرد سکیورٹی اہلکار اور رضاکار فورس اس دہشت گرد تنظیم کے خلاف مہم جاری رکھے ہیں جس میں اسے قابل ذکر کامیابیاں مل رہی ہیں۔

.......

/169